وادیٔ سوات کی زمین اپنی قدرتی زرخیزی کی وجہ سے زرعی پیداوار کے لئے نہایت موزوں ہے۔ دریائے سوات نے اس کی زرخیزی اور شادابی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ سوات میں بہت سی فصلیں پیدا ہوتی ہیں۔ تاہم بعض فصلوں کے لئے سوات غیر معمولی شہرت رکھتا ہے اور ان میں بعض کی پیداوار بیرونی ممالک میں بھی بھیجی جاتی ہے۔ اجناس میں گندم، چاول ، جو، باجرہ، مسور، سرسوں اور مونگ اہم فصلیں ہیں۔ چاول کی کئی قسمیں مثلاً بیگمئی اور لونگئی چاول صرف وادی سوات میں پیدا ہوتی ہیں جو اپنی خوش بْو اور لذت کے لئے اپنی مثال آپ ہیں۔ سبزیوں میں یہاں آلو، مٹر،گوبھی، توری، ٹماٹر، پیاز، مرچ، مولی، گاجر، کچالو، بینگن، شلجم، مختلف قسم کے ساگ اور بہت سی دوسری سبزیاں پیدا ہوتی ہیں۔
کالام ، اتروڑ، گبرال ، اْوشو، مٹلتان اور ان کے قرب و جوار کی دیگر وادیوں کا آلو بہت مشہور ہے۔ ان وادیوں میں آلو بہت بڑی مقدار میں کاشت کیا جاتا ہے اور ہر سال سینکڑوں ٹرکوں کے ذریعے اْسے راولپنڈی، لاہور اور کراچی بھیجا جاتا ہے۔ یہاں کے لوگوں کی آمدنی کا بڑا انحصار سیاحت اور جنگلات کی رائلٹی کے بعد آلو کی فصل پر ہے۔ اس علاقے کے شلجم اور مٹر بھی خاص شہرت رکھتے ہیں۔ پھلوں میں وادی سوات سیب، اخروٹ، مالٹے اور شفتالو (آڑو) کے لئے خاص شہرت رکھتی ہے۔ کالام کا سیب اور بالائی سوات کا شفتالو (آڑو) باہر کے ممالک میں بھی بھیجا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں خوبانی، سنگترے، املوک (جاپانی پھل)، لوکاٹ، انجیر، شہتوت ،اسٹرابیری اور بعض دوسرے پھل بھی پیدا ہوتے ہیں۔
فضل ربی
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments